پشاور رنگ روڈ پر خوفناک حادثہ، گاڑیوں کے تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی

شاہد جان
پشاور: پشاور رنگ روڈ کے علاقے گڑھی قمردین پل کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ایک چھوٹی موٹر کار اور پٹرول سپلائی کرنے والے آئل ٹینکر کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو فائر وہیکلز اور ایک ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو عملے نے پیشہ ورانہ انداز میں فوری فائر فائٹنگ کا آغاز کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات مکمل کیے تاکہ کسی ممکنہ بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بربریت، نہتے شہری محفوظ نہ رہے، عطا تارڑ کا سخت ردعمل

ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی مسلسل کارروائی کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر موجود رہ کر کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا اور صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لے لیا گیا۔

Scroll to Top