اسلام آباد: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پی ایس ایل 11 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین کے ہاتھوں 2 رنز سے شکست کے بعد کہا ہے کہ ٹیم کی ڈیتھ اوورز میں بولنگ میں بہتری کی ضرورت تھی، جبکہ حریف ٹیم نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی قیمتی رنز بچائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی اور جیت سے محض 2 رنز دور رہ گئی۔
میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جہاں حیدرآباد کنگز مین کے فاسٹ بولر حنین شاہ نے صرف 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ حنین شاہ نے انجری سے واپسی کے بعد بہترین کارکردگی دکھائی اور پوری لیگ میں شاندار بولنگ کی۔ ان کے مطابق محنت اور کم بیک کے بعد ایسی کارکردگی کھلاڑی کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دوسرا ایلیمینیٹر: حیدرآباد کنگزمین کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم اس وقت اچھے مومنٹم میں ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیتھ اوورز میں بولنگ کی کمزوری نمایاں رہی۔ شاداب خان نے اعتراف کیا کہ بیٹنگ میں بھی مطلوبہ رفتار حاصل نہیں کی جا سکی، تاہم شائقین نے ایک اچھا اور سنسنی خیز مقابلہ انجوائے کیا۔
آخر میں شاداب خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بابر اعظم ٹرافی جیتیں، تاہم حیدرآباد کنگز مین کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے فائنل میں مقابلہ سخت نظر آ رہا ہے۔





