پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں بیٹنگ اور بولنگ کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی سامنے آ گئے ہیں، پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے خاص طور پر عمدہ کھیل پیش کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم 588 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے نمایاں بیٹرز میں سرفہرست ہیں جبکہ ان کے ساتھی کوسل مینڈس نے 541 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
بولنگ کے شعبے میں بھی پشاور زلمی کو برتری حاصل رہی، سفیان مقیم نے 21 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں، انہی شاندار کارکردگیوں کی بدولت پشاور زلمی نے لیگ مرحلے کے 10 میں سے 8 میچز جیتے جن میں مسلسل 7 فتوحات بھی شامل تھیں۔
زلمی نے 28 اپریل کو کھیلے گئے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، ٹیم کے فاسٹ بولر نہید رانا بھی دوبارہ سکواڈ میں شامل ہو چکے ہیں اور سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں، انہوں نے لیگ مرحلے کے 4 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین نے ایونٹ کا آغاز مسلسل تین شکستوں سے کیا، انہیں لاہور قلندرز کے خلاف 69 رنز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 40 رنز اور ملتان سلطانز کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چوتھی شکست پشاور زلمی کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: تنقید کا جواب نہیں دوں گا،اچھا کروتب بھی تنقید ہوتی ہے، بابراعظم
تاہم اس کے بعد کنگز مین نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل چار میچز جیتے، اگرچہ انہیں ایک بار پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ آخری لیگ میچ میں انہوں نے راولپنڈی ٹیم کو 108 رنز سے ہرا کر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
کنگز مین نے ایلیمنیٹر 1 میں ملتان سلطانز کو شکست دی، جبکہ ایلیمنیٹر 2 میں زبردست مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔





