عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کی منگنی کی خبریں سامنے آگئی ہیں جس کے بعد ان کے منگیتر کی شناخت اور مالی حیثیت پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ کے منگیتر کیمیرون اوریلی کے ارب پتی ہونے کے دعوؤں کی حقیقت بھی سامنے آگئی ہے جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
برطانوی میڈیا اور مختلف ذرائع کے مطابق کیمیرون او ریلی ایک معروف آئرش آسٹریلوی بزنس مین اور سرمایہ کار ہیں جو بین الاقوامی کاروباری دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
کیمیرون او ریلی مشہور میڈیا ٹائیکون سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں، وہ میڈیا، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ منسلک رہے ہیں، انہوں نے اپنی سرمایہ کاری کی کمپنی بھی قائم کی اور عالمی سطح پر متعدد بزنس منصوبوں میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: جمائما گولڈ اسمتھ نے معروف ارب پتی فنانسر سے منگنی کر لی
ذرائع کے مطابق ان کی مجموعی دولت کا اندازہ تقریباً 50 ملین ڈالر کے قریب لگایا جاتا ہے تاہم ان کے ذاتی اثاثوں کی مکمل تفصیل عوامی طور پر دستیاب نہیں ہے۔
ذاتی زندگی کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ کیمیرون او ریلی کی پہلے شادی ہو چکی ہے اور ان کے بچے بھی ہیں، تاہم بعد میں ان کی علیحدگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق ان کی برطانوی مصنفہ اور سابقہ سیاسی شخصیت جمائمہ گولڈ سمتھ کے ساتھ منگنی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات گزشتہ ایک سال سے قائم ہیں اور یہ رابطہ پیشہ ورانہ اور تخلیقی منصوبوں کے دوران شروع ہوا تھا۔
تاحال دونوں شخصیات کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تاہم برطانوی اور بین الاقوامی میڈیا میں اس حوالے سے مسلسل رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔





