پی ایس ایل الیون فائنل، پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کا ٹاکرا، چیمپئن کا فیصلہ آج ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میں آج پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا، جس کے ساتھ ہی نئے چیمپئن کا فیصلہ ہو جائے گا۔
فائنل میچ کے لیے رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس کے باعث میچ رات 8 بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد جاری ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شائقین شام 6 بجے تک اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے جبکہ ٹاس ساڑھے 7 بجے ہوگا۔ لاہور میں بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اختتامی تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔ تقریب کے دوران شاندار آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں اختتامی تقریب کو حتمی شکل دی گئی ہے، جبکہ انہوں نے تمام انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔





