بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست خارج، درخواست گزار پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کی درخواست پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہےجس میں عدالت نے اس استدعا کو غیر ضروری اور فضول قرار دے کر خارج کر دیا۔

یہ درخواست وکیل فیصل ملک کی جانب سے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے سلسلے میں دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے نہ صرف درخواست مسترد کی بلکہ درخواست گزار پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ جرمانے کی یہ رقم ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپینسری میں جمع کروائی جائے تاکہ اسے مستحق اور غریب مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کیا جا سکے۔

فیصلے کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی طے کر چکی ہے، لہٰذا ٹرائل کورٹ اس حوالے سے کوئی متضاد حکم جاری نہیں کر سکتی۔

عدالت نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں اور اس کیس میں وہ جوڈیشل تحویل میں نہیں ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اس سے قبل بھی اسی نوعیت کی دو درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے بار بار ایسی درخواستیں دے کر عدالت کا قیمتی وقت ضائع کر رہا ہے۔

Scroll to Top