ناصرزادہ
دیر بالا کے علاقے گندیگار میں نامعلوم مسلح افرادکی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ گندیگار کی حدود کچکول کس میں ہونے والی اس اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اختر سید ولد حبیب گل اور ان کی اہلیہ عظمیٰ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
جاں بحق میاں بیوں کا تعلق لیگرکوڑ عشیری درہ سے تھا اور وہ حال ہی میں کچکول کس گندیگار میں رہائش پذیر تھے۔ واقعے میں تیسرا مقتول وحید اللہ ولد سرفراز خان ہے جس کا تعلق لوئر دیر کے علاقے ثمر باغ سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔





