ٹرمپ کا پاکستان اور دیگر ملکوں کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں فوجی آپریشن مختصر مدت کیلئے روکنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز آپریشن پروجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر کچھ عرصے کے لیے روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ فوجی آپریشن امریکی بحریہ کی جانب سے اس مقصد کے لیے شروع کیا گیا تھا کہ بند آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست، ایران کے خلاف مبینہ فوجی کامیابیوں اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی طرف پیش رفت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ایک حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے فیصلہ کیا ہے کہ پروجیکٹ فریڈم کو مختصر مدت کے لیے روک دیا جائے گا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ ایران کے ساتھ کوئی حتمی معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں اور آیا اس پر باضابطہ دستخط ہوتے ہیں یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا، ایران

ٹرمپ کے مطابق اس دوران آبنائے ہرمز کی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی، تاہم ناکہ بندی بدستور نافذ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ قدم خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Scroll to Top