اسلام آباد میں معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والی تقریبات کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔
معرکہ حق کے سلسلے میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ ریہرسل کا آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں جنگی طیاروں نے شاندار فضائی مظاہرہ کرتے ہوئے مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی نمونہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہِ حق میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد رہی، بھارت کو ایسے شکست جو صدیوں یاد رکھے گا، عطا اللہ تارڑ
پاک فضائیہ کے شاہین مختلف فارمیشنز میں فلائی پاسٹ ریہرسل کرتے رہے، جسے شہریوں نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔
حکام کے مطابق فلائی پاسٹ ریہرسل معرکۂ حق کی قومی تقریبات کا حصہ ہیں اور شہری فضائی سرگرمیوں پر پریشان نہ ہوں۔ ریہرسل کے دوران جنگی طیاروں کی پروازوں سے شہر کی فضاؤں میں حب الوطنی کا جذبہ دیدنی رہا۔
شہریوں کی بڑی تعداد گھروں کی چھتوں اور کھلے مقامات پر موجود رہی اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتی رہی۔
فلائی پاسٹ ریہرسل کو قومی دفاعی تیاری، عسکری مہارت اور قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔





