مولانا شیخ ادریس ٹارگٹ کلنگ کیس میں تہلکہ خیز انکشافات

مولانا شیخ ادریس ٹارگٹ کلنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، تفتیشی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 7 اہم گرفتاریاں عمل میں لانے کا دعویٰ کیا ہے۔

حکام کے مطابق مبینہ ملزمان کو مردان ریجن سے گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف زاویوں سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں کی جیوفینسنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی نقل و حرکت اور رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

حکام کے مطابق ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کے چارسدہ سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں مبینہ ٹارگٹ کلر کو پشاور کے علاقے چمکنی اور کوہاٹ روڈ پر دیکھا گیا، تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم موٹرسائیکل پر چمکنی سے سروس روڈ کے ذریعے چارسدہ پہنچا تھا اور واقعے کے روز صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے چارسدہ میں داخل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا شیخ محمد ادریس کوشہادت سےقبل خوارجین کی جانب سےدھمکیاں اور سوشل میڈیا پرپروپیگنڈا بے نقاب

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں سیف سٹی ٹیم اور دیگر تفتیشی یونٹس بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ 5 مئی کو چارسدہ میں نامعلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے مولانا شیخ ادریس کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

Scroll to Top