ہنگو میں دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازع خونریز جھڑپ میں تبدیل ہو گیا ہے۔
فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد کو اغواء کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ دوابہ کی حدود میں پیش آیا جہاں پلوسین وزیر اور درسمند قوم کے افراد آمنے سامنے آگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں قبائل کے درمیان زمین کا تنازعہ کافی عرصے سے چلا آ رہا تھا جس نے اچانک مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی۔
فائرنگ کے دوران درسمند قوم کا ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دو افراد کو نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں فائرنگ، لیڈی ڈاکٹر بال بال بچ گئیں
ایس ڈی پی او امجد حسین کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں، انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان فوری طور پر فائر بندی کرا دی گئی ہے
پولیس کے مطابق اغواء ہونے والے افراد کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ سکیورٹی کے پیش نظر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔





