باجوڑ کے علاقے مینا اور عنایت کلے میں گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر مسلح حملہ آوروں کی جانب سے بڑا حملہ کیا گیا، جسے فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
حملہ آوروں نے پہلے بارودی مواد سے دھماکہ کیا اور بعد میں کیمپ کے گیٹ نمبر 2 سے داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 9 حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق شدید جھڑپ کے باوجود حملہ آور کیمپ کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں خوارج کے حملے ناکام، 9 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 4 جوان شہید
بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں کیمپ پر قبضے کی افواہیں پھیلائی گئیں تاہم سیکیورٹی ذرائع نے ان خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر فورسز کے کنٹرول میں ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔





