محمد اعجازآفریدی /کامران علی شاہ
پشاور کے تھانہ حسن خیل کی حدود میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل یاسرکی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،پاک فوج کےاعلی افسرا ن،سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، سی ٹی ڈی افسران، شہید کے لواحقین اور پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ گورنر خیبرپختونخوا، پولیس افسران اور پاک آرمی حکام نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پولیس کانسٹیبل یاسرکو آج نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ حسن خیل کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے کانسٹیبل یاسر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔





