عمران خان کی صحت سے متعلق پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، طلال چودھری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں پھیلایا جانے والا گمراہ کن پروپیگنڈا حقائق کے برعکس ہے۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے قیدی کی صحت کے حوالے سے تمام طبی معاملات شفاف طریقے سے انجام دیے جا رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ باقاعدگی سے عمران خان کا طبی معائنہ کرتا ہے۔

ان کے مطابق اس بورڈ میں آنکھ، دل، ناک، کان اور گلے کے ماہرین سمیت مختلف شعبہ جات کے اسپیشلسٹس شامل ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل بورڈ میں ڈینٹل سرجن اور دیگر طبی ماہرین بھی شامل ہیں، جبکہ علاج بین الاقوامی طبی اصولوں کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

 ان کے مطابق متعدد بار پمز اسلام آباد میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں آنکھ کا علاج بھی کیا گیا، جس کے بعد بینائی 6/6 رپورٹ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں  : عمران خان سے ملاقات کا معاملہ، حکومت نے اپوزیشن تجویز مسترد کردی

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جامع رپورٹ پر سپریم کورٹ بھی اطمینان کا اظہار کر چکی ہے، لہٰذا قیدی کی صحت کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور انتشار کی سیاست ناکام ہو گئی تو اب ہمدردی کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ حقائق کے منافی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت قانون اور ضابطوں کے مطابق تمام قیدیوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔

Scroll to Top