سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق زیرِ التوا مقدمات کو عید کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
یہ پیش رفت پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔ ملاقات کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ انہوں نے چیف جسٹس سے بانی پی ٹی آئی کے کیسز کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس درخواست پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو طلب کیا اور انہیں مقدمات کی فہرست تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عید کی تعطیلات کے فوری بعد ان کیسز کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے کیسز کی سماعت کی تاریخیں مقرر ہونے سے قانونی عمل میں تیزی آنے کی توقع ہے، جس کا مقصد زیرِ التوا معاملات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔





