خیبرپختونخوا میں 2 ہزار سرکاری پرائمری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تقریباً 2 ہزار سرکاری پرائمری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں سرکاری اسکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منظوری دی گئی۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق صوبے میں اب تک 500 سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے جبکہ صرف سرمائی علاقوں میں 233 سکول اس پالیسی کے تحت نجی انتظام کے حوالے کیے گئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ حکومت ہر سکول کو عملے کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے ماہانہ 3 لاکھ روپے فراہم کرے گی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آؤٹ سورس کیے گئے سرمائی علاقوں کے سکولوں میں داخلوں کی شرح میں 89 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مجموعی انرولمنٹ 4 ہزار 86 سے بڑھ کر 7 ہزار 718 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سکول طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، اہم اعلان جاری

محکمہ کے مطابق ان سکولوں کے لیے ہدف مقرر کیا گیا ہے کہ ایک سال میں داخلہ 40 طلبہ سے بڑھا کر 180 تک پہنچایا جائے بصورت دیگر کارکردگی کے اہداف حاصل نہ کرنے پر معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار بہتر بنانا اور سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

Scroll to Top