تمام اختیارات محمود خان اچکزئی کے پاس ہیں، وہ احتجاج کریں یا مذاکرات، ہم ان کی حمایت کریں گے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ سطحی آٹھ گھنٹے طویل مشاورت کے بعد تمام اختیارات محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دونوں رہنما احتجاج کریں یا مذاکرات، پاکستان تحریک انصاف ہر فیصلے میں ان کی مکمل حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے ہی محمود خان اچکزئی کو مکمل اختیارات دے چکے تھے تاہم پارٹی قیادت نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں صرف بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور پارٹی اسی کے مطابق چلتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سابق صوبائی مشیرکی مبینہ آڈیو لیکس نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے حوالے سے شیر افضل مروت کی جانب سے دائر درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پٹیشن کامیاب نہیں ہو سکتی، کیونکہ بانی پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد موجود ہے اور وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت اس وقت پاکستان تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ان کی کسی بھی کمیٹی میں واپسی صرف بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہی ممکن ہو گی۔

Scroll to Top