خیبرپختونخوا میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی،این ڈی ایم کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی،این ڈی ایم کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے لیے موسم کی سنگین صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیئرز پگھلنے اور شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں 26 سے 31 مئی کے دوران سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پاراچنار سمیت مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

شمالی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ناران روڈ اور دیگر رابطہ سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اضلاع بشمول گلگت، اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی اور باغ میں بھی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

28 سے 31 مئی کے دوران وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان میں 30 اور 31 مئی کو کوئٹہ، ژوب اور زیارت جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور مٹھی سمیت ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

حکام نے بالخصوص خیبرپختونخوا اور شمالی علاقہ جات کی حساس شاہراہوں، جیسے قراقرم ہائی وے اور اسکردو روڈ پر سفر کرنے والے سیاحوں اور مقامی آبادی کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل سڑکوں کی صورتحال اور موسم کی تازہ ترین رپورٹ لازمی چیک کریں۔

Scroll to Top