دنیا بھر سے آئے تقریباً 18لاکھ عازمین حج منیٰ پہنچ گئے

مناسک حج کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے اور دنیا بھر سے آئے تقریباً 18 لاکھ عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج رات قیام کریں گے۔

عازمین عبادات اور دعاؤں میں مصروف ہیں جبکہ ہر جانب روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
عازمین حج کل 9 ذی الحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات روانہ ہوں گے، جہاں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کی جائے گی۔ وقوف عرفہ کو حج کا سب سے اہم مرحلہ تصور کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب منیٰ اور عرفات میں شدید گرمی برقرار ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق یوم عرفہ کے موقع پر بھی درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث عازمین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے غیر رسمی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

سعودی حکام کی جانب سے عازمین کی سہولت اور تحفظ کے لیے مقدس مقامات پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سایہ دار مقامات، مسٹ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ شدید گرمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
سعودی حکام نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ حج کے دوران کسی بھی طبی مسئلے سے محفوظ رہا جا سکے۔

Scroll to Top