آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

Pakistan SCO Summit 2026

محکمۂ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب، سندھ، جنوبی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے، اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، پشاور سمیت بڑے شہروں میں شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے 27 مئی کی رات سے 31 مئی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے شمالی حصوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top