جاتی امرا میں اہم بیٹھک!بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دیں، نوازشریف کی وزیراعظم کو ہدایت

جاتی امرا میں اہم بیٹھک!بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دیں، نوازشریف کی وزیراعظم کو ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں جاتی امرا جا کر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔

جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور شریف خاندان کے دیگر افراد بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت آئندہ بجٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو اپنے حالیہ دورۂ چین سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے زور دیا کہ وفاق اور پنجاب میں ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور ان کی مشکلات میں کمی آئے۔

بعدازاں دونوں رہنماؤں نے جاتی امرا میں اپنے والد میاں محمد شریف اور دیگر اہل خانہ کی قبروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

Scroll to Top