آزادکشمیر اسمبلی کی 45 نشستوں پر پولنگ 27 جولائی کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 9 جون سے وصول کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کے لیے عام انتخابات کی پولنگ 27 جولائی کو منعقد ہوگی جبکہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 9 جون سے وصول کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں اور الیکشن مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق پائے جانے والے شکوک و شبہات بے بنیاد ہیں اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کے مطابق شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا آج آخری روز، سیاسی جوڑ توڑ عروج پر
انہوں نے بتایا کہ سال 2026 کی ووٹر لسٹیں سو فیصد درست اور اپ ڈیٹ ہیں، ووٹر لسٹوں میں موجود غلطیوں کی نشاندہی کے بعد انہیں درست کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں منتقل ہونے والے ووٹوں کی تصحیح بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے درست ووٹر لسٹیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں اسی لیے ووٹر ڈیٹا کی جانچ اور تصحیح کے عمل کو خصوصی اہمیت دی گئی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر میں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں





