پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بڑی پیشرفت، پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کا اہم اور غیر متوقع شراکت دار بن کر ابھرا، ووکس کا تجزیہ

امریکی جریدے ووکس کے ایک تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے اور پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک اہم اور غیر متوقع شراکت دار کے طور پر سامنے آیا ہے۔

تجزیے کے مطابق 2026 میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے سفارتی رابطوں، جنگ بندی کی کوششوں اور مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان رابطہ کاری اور سفارتی ثالثی کے لیے ایک مؤثر پل ثابت ہوا۔

ووکس کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف نے ان سفارتی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان 1979 کے بعد اعلیٰ سطحی مذاکرات کی میزبانی بھی کی۔

تجزیے میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اور تہران دونوں پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد رابطہ کار اور ثالث کے طور پر دیکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا اور اسلام آباد کے حوالے سے امریکی پالیسی میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

ووکس کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون میں پیشرفت کے ساتھ ساتھ کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں بھی اہم معاہدے طے پائے ہیں، جن سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بدلتی ہوئی امریکی ترجیحات کے تناظر میں پاکستان کی علاقائی اور عالمی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر امریکا کے بااعتماد ساتھی ہیں، نیٹلی بیکر

تجزیے کے مطابق پاکستان بیک وقت امریکہ، چین، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مؤثر سفارتی روابط برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی سفارت کاری میں اس کا کردار مزید مضبوط ہوا ہے۔

ووکس کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل میں اپنی بین الاقوامی ساکھ اور اثر و رسوخ کو مضبوط کیا ہے اور وہ علاقائی و عالمی سطح پر ایک ناگزیر سفارتی شراکت دار کے طور پر اپنی اہمیت منوا رہا ہے۔

تجزیے میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ سفارتی کامیابیوں کے باوجود امریکی حمایت پر حد سے زیادہ انحصار اور خطے میں جاری عدم استحکام پاکستان کے لیے اہم چیلنجز کے طور پر برقرار ہیں۔

Scroll to Top