تمغہ امتیاز یافتہ نشانہ باز محسن نواز کا اپنا قومی اعزاز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام کرنے کا اعلان

پاکستان کے مایہ ناز نشانہ باز اور تمغہ امتیاز حاصل کرنے والے محسن نواز نے اپنے باوقار قومی اعزاز کو پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نواز نے ملک میں شوٹنگ کے کھیل کی ترقی میں ریاستی اداروں کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت ادارہ جاتی تعاون، حکومتی سرپرستی اور منظم ڈھانچے کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کابینہ ڈویژن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہی اقدامات کے نتیجے میں شوٹنگ کے کھیل کو قومی سطح پر یکساں مواقع حاصل ہوئے ہیں۔

محسن نواز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے شوٹنگ کے کھیل کے لیے بنیادی ڈھانچے اور سپورٹ سسٹم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے، جس کے باعث پاکستانی شوٹرز اب عالمی سطح پر قومی پرچم کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے، جس نے انٹرنیشنل کنفیڈریشن آف فل بور رائفل ایسوسی ایشنز سے الحاق حاصل کر کے پاکستان کو پہلی بار بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا موقع فراہم کیا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر 10 انفرادی تمغے جیتنے والے اور برطانیہ، امریکا اور جنوبی افریقہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محسن نواز نے کہا کہ ملک میں اس کھیل کے لیے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے صحیح رہنمائی اور مواقع کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیخ وقاص اکرم نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے اختلافات کی حقیقت کھول دی

انہوں نے پاکستان آرمی جیسے منظم اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اپنے مستقبل کے عزائم بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ چیمپئن 2023 کے زیرِ نگرانی حاصل کردہ تربیت اور اپنے تجربات نئی نسل تک منتقل کرنا چاہتے ہیں تاکہ نوجوان بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

تمغہ امتیاز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، اور اب یہ دیکھنا ہے کہ حکومتی و ادارہ جاتی تعاون سے اس شعبے کو مزید کتنی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔

محسن نواز نے امید ظاہر کی کہ مستقل ادارہ جاتی پشت پناہی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان مستقبل میں شوٹنگ کے عالمی میدان میں ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھرے گا۔

Scroll to Top