بجٹ27-2026, ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تجویز دی ہے۔

اس اہم معاملے پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد خود کریں گے۔

تنخواہوں میں اضافے کی یہ تجویز وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک غیر رسمی اجلاس کے دوران سامنے آئی جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔

اس بند کمرہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا جس میں بالخصوص پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، نئے ٹیکسز، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے بنیادی اور اہم نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بجٹ 2026-27 میں موبائل صارفین اور ٹیلی کام سیکٹر کو ریلیف دینے کی تجاویز

ذرائع کے مطابق بریفنگ میں ملک میں جاری افراطِ زر یعنی مہنگائی کی شرح کے تناسب کو مدِنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد کے درمیان اضافے کی اصولی تجویز پیش کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملک کے متوقع وسائل اور ریونیو کی روشنی میں اس تجویز پر مزید ورکنگ کی جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ موجودہ معاشی حالات میں سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ کتنا ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

اس ورکنگ کے مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر تنخواہوں میں اضافے کا حتمی اعلان کریں گے۔

Scroll to Top