وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایران پہنچ گئے، ایرانی ہم منصب سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک انتہائی اہم اور تزویراتی دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں جہاں ایئر پورٹ پر ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔

اس موقع پر ایران کے لیے پاکستان کے نئے سفیر عمران صدیقی بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ تہران آمد کے فوراً بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان اعلیٰ سطح کی باضابطہ ملاقات بھی ہوئی۔

اپنے اس اہم دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے خصوصی ملاقات کریں گےجبکہ ان کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سیکرٹری سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو تیز تر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر لبنانی آرمی چیف دورہ پاکستان کیلئے روانہ

اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک انتہائی اہم اور خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای تک پہنچائیں گے۔

سفارتی و دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا ایرانی سپریم لیڈر کے نام یہ پیغام خطے میں پائیدار امن، سیکیورٹی اور دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

Scroll to Top