واشنگٹن : امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے بیان کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکی وزیر جنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ آج رات ایران پر بڑا حملہ کرے گا جس میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
اپنے بیان میں پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران پر ہونے والے حملے سخت اور واضح ہوں گے۔ ان کے مطابق گزشتہ روز بھی ایران پر طاقتور حملے کیے گئے تھے، اور امریکہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔
🚨🚨امریکا ایران پر آج رات بڑا حملہ کرے گا، امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ pic.twitter.com/jJ3INp1Iaj
— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) June 10, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول امریکہ کے پاس رہے گا جبکہ ایران کے بیشتر میزائل اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج رات کے ممکنہ حملے امریکی فوجی مفادات کو مضبوط کریں گے اور سفارتی پوزیشن بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فوجی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے کوئی کارروائی کی تو ایران امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق تہران نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا سخت اور فوری جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے امریکا کا ہیلی کاپٹر مار گرایا، ٹرمپ کی تصدیق
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ روز بھی ایران پر حملے کیے گئے تھے اور آئندہ بھی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔
ادھر ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکی بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی دباؤ یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔
ان کے مطابق اگر جنگ کی صورتحال پیدا ہوئی تو یہ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی اور امریکہ کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فریقین کے سخت بیانات کے بعد صورتحال انتہائی حساس رخ اختیار کر گئی ہے اور عالمی برادری کی نظریں اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔





