ایزی پیسہ صارفین کیلئے بری خبر

ملک کا معروف ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ایزی پیسہ دوسرے روز بھی تکنیکی مسائل کا شکار ہے جس کے باعث صارفین کو مسلسل دوسرے دن بھی مختلف ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گذشتہ روز شروع ہونے والے اس تعطل کے بعد اب یہ مسائل دوسرے دن میں داخل ہو چکے ہیں جس سے کاروباری اور نجی لین دین بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

ایزی پیسہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے نوٹس میں سرور اور سسٹم میں آنے والے ان تکنیکی مسائل کی تصدیق کی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بعض صارفین وقفے وقفے سے آنے والے سروس خلل (Intermittent Service Disruptions) کا سامنا کر رہے ہیں۔

اگرچہ کمپنی کے مطابق یہ مسئلہ تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہاتاہم مسلسل دوسرے روز بھی متعدد صارفین کو ٹرانزیکشنز، اکاؤنٹ لاگ ان اور فنڈز کی منتقلی میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی تعطل کے بعد فیس بک اور میٹا کی دیگر سروسز دوبارہ بحال

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے تکنیکی ماہرین اور انجینئرنگ ٹیمیں مسئلے کے جڑ سے خاتمے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں اور سرورز کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایزی پیسہ نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی یہ تکنیکی رکاوٹ دور ہوگی، سروسز معمول کے مطابق دستیاب ہوں گی۔ کمپنی نے صارفین کو درپیش اس غیر متوقع پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے ان سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پربڑی تعداد میں لوگوں نے شکایات کی ہیں کہ رقم منتقل کرنے پر ایرر آ رہا ہےجس کی وجہ سے انہیں روزمرہ کے مالی معاملات میں سخت پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔

Scroll to Top