پشاور میں ایل پی جی کی خودساختہ قیمتوں پر بڑا کریک ڈاؤن، متعدد دکاندار گرفتار، درجنوں دکانیں سیل

کاشف عزیز
پشاور: شہر میں ایل پی جی کی خودساختہ قیمتوں اور گرانفروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کارروائیاں کی ہیں، جس کے دوران 67 دکانداروں کو گرفتار جبکہ 53 دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ایل پی جی کو مہنگے داموں فروخت کرنے اور سرکاری نرخنامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

کارروائیاں تحصیل سٹی، شاہ عالم، صدر اور متنی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں جہاں دکانوں کی تفصیلی چیکنگ بھی کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق متعدد دکانداروں کو مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے پر قانون کی گرفت میں لیا گیا، جبکہ کئی دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : جوڈیشل اکیڈمی سولر سسٹم معاملہ: محکمہ انرجی اینڈ پاور نے بے قاعدگیوں کے الزامات مسترد کر دیے

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ایل پی جی کی مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی استحصال میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top