پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رنگ روڈ پی ڈی اے ٹول پلازہ حیات آباد پر انڈر پاس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ منصوبہ 1.6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت دو لینز پر مشتمل انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا جو پشاور میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق مشکل حالات کے باوجود پشاور نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملاکنڈ اور قبائلی اضلاع کے متاثرین کی میزبانی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 200 ارب روپے پر مشتمل پشاور ری وائیٹلائزیشن پلان کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس میں شامل منصوبے بروقت شروع اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ پلان شہری اور دیہی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی ہے، جبکہ اب تک 21 ارب روپے کے منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ایل پی جی کی خودساختہ قیمتوں پر بڑا کریک ڈاؤن، متعدد دکاندار گرفتار، درجنوں دکانیں سیل
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دلہ زاک روڈ انڈر پاس پر کام جاری ہے، جبکہ پشتہ خرہ، جمیل چوک انڈر پاسز اور ہزار خوانی اوور پاس کا جلد افتتاح متوقع ہے۔
اسی طرح 35 سڑکوں کی خوبصورتی کے منصوبے بھی اس پلان کا حصہ ہیں جن کی مجموعی لاگت 19 ارب روپے ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 15 سڑکوں پر کام شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیا مالی سال صوبے کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔





