پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے اور بجٹ کل (16 جون) صوبائی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے بجٹ کے اعداد و شمار کو حتمی شکل دے دی ہے اور اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری محکمہ قانون کو ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ اجلاس گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کے ذریعے طلب کیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ پیش ہونے سے قبل 16 جون کو صبح 11 بجے صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بجٹ کی باضابطہ منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سوشل سیکٹر کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے، جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاقی حکومت کے برابر اضافے کی تجویز بھی بجٹ کا حصہ ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت مالی سال 2026-27 کا بجٹ 17 جون کو پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
محکمہ خزانہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم رواں مالی سال کے بجٹ سے کم رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ یاد رہے کہ رواں مالی سال میں سندھ کے بجٹ کا کل حجم 3400 ارب روپے تھا۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ مجموعی ترقیاتی بجٹ میں 15 سے 20 فیصد تک کٹوتی کی تجویز دی گئی ہے، تاہم کراچی کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے مختص فنڈز میں کسی قسم کی کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب اور سندھ کے بجٹ پر عوام، کاروباری حلقوں اور سرکاری ملازمین کی نظریں مرکوز ہیں، کیونکہ ان بجٹس میں معاشی ریلیف، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اخراجات سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔





