بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کے مقررہ دن پارٹی کی جانب سے وکلا کی فہرست جیل حکام کے حوالے کر دی گئی۔
تحریک انصاف کے فوکل پرسن اویس یونس چوہدری ایڈووکیٹ نے ملاقات کے لیے نامزد وکلا کی فہرست جیل انتظامیہ کو جمع کرائی۔ فہرست میں بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ، نعیم پنجوتھہ، فتح اللہ برکی، دلپذیر بٹ اور معصومہ میر کے نام شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گی اور ملاقات کی اجازت ملنے کی صورت میں اہم مشاورت متوقع ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو(آج) منگل کے روز احتجاجی دھرنا نئے شیڈول کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔ پارٹی قیادت کے مطابق دھرنا شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔
تحریک انصاف رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ملاقاتوں کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔





