غلام اکبر مروت
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خیروخیل پکہ کے مقام پر امن جرگے پر ہونے والے ہولناک حملے میں 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
جرگے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب مقامی عمائدین علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر اہم مشاورت میں مصروف تھے۔
حملے کے فوراً بعد جرگے کے مقام پر شدید بھگدڑ مچ گئی اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے زخمیوں کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے ایمرجنسی میں ہنگامی طبی امداد کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت :مسجد کے قریب مبینہ خودکش حملہ ،ایک بچی شہید، پانچ افراد زخمی
ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال لائے گئے زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد بہتر علاج معالجے کے لیے بنوں منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





