برسٹل: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی اور واحد کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے، اوپنر گل فیروزہ نے شاندار اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابلِ شکست 63 رنز اسکور کیے، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور عائشہ ظفر نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا پاکستانی ویمنز کرکٹر گل فیروزہ کے خلاف ایکشن
اگرچہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کیا، تاہم قومی ویمنز ٹیم مجموعی طور پر توقعات پر پورا نہ اتر سکی اور گروپ مرحلے کے پانچ میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کر پائی۔
میچ کے اختتام پر کپتان فاطمہ ثنا نے شائقین کرکٹ کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں میں قومی ٹیم کی شرٹس تقسیم کرکے ان کی محبت کا جواب دیا۔





