وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قائم لازوال رشتوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کی کامیابی پاکستان کی اور پاکستان کی ترقی ترکیہ کی ترقی ہے۔
استنبول میں پاک ترکیہ بی ٹو بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے دو ٹوک اور واضح مؤقف پر اس کا مشکور ہےجبکہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مضبوط برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے بھرپور حمایت کی تھی جبکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ جنگ ہو، زلزلہ، قدرتی آفات یا سیلاب، ترکیہ نے ہر موقع پر پاکستان کی بھرپور مدد کی، جو تاریخ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے تمام شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سے محبت نہ ہوتی تو ایران کبھی ثالثی قبول نہ کرتا، ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی
وزیراعظم نے بتایا کہ بی ٹو بی فورم کے دوران ترکیہ کی تجارتی برادری کے ساتھ اہم نشست بھی ہوئی ہے جس میں معاشی شراکت داری پر بات چیت کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے جبکہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے دو ٹوک مؤقف پر اس کا مشکور ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں، اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی جہت دی جائے گی۔





