جنوبی وزیرستان روڈ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید، متعدد زخمی ہوگئے ۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جنوبی وزیرستان روڈ پر پولیس کی پیٹرولنگ بکتر بند (اے پی سی) گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا ٹانک کے علاقے فقیرنی میں اس وقت ہوا جب پولیس کی بکتر بند گاڑی معمول کی پیٹرولنگ پر مامور تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی فرید اور کانسٹیبل اختر زمان موقع پر شہید ہو گئے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے اور پولیس کی بکتر بند گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ اور تفتیشی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت، استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد اور حملے میں ملوث عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حملے کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔





