کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں شدید طوفانی بارش ایک بڑے سانحے کا سبب بن گئی، جہاں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہونے سے 14 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ آپریشن میں کوہاٹ سے چار ایمبولینسیں، کرک سے دو ایمبولینسیں اور ایک ریکوری وہیکل نے حصہ لیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے ملبے میں دبے تمام افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ملبہ ہٹانے اور علاقے کی مکمل تلاشی کا عمل جاری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی اور شخص ملبے تلے موجود نہ ہو۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ، مکان کی چھت گرنے سے 6 سالہ بچی سمیت 5افراد جاں بحق، 10 افراد زخمی
تھور کے علاقے میں متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں پانی اور ملبہ گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سیلابی ریلوں کے باعث زرعی اراضی، تیار فصلیں اور درخت بہہ گئے، جبکہ تھور کو ملانے والی مرکزی رابطہ سڑک کئی مقامات پر بند ہونے سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔





