فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ترکیہ،صدر رجب طیب اردوان سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں، عسکری اعزاز سے نوازاگیا

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیاجو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی ماحول کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ان کی ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں افواج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا ’ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل‘ عطا کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔

دورہ ترکیہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مصطفیٰ کمال اتاترک کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا بھی اعتراف کیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے مذاکرات کیلئے بہترین کام کیاہے،ایرانی سفیر

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا مظہر ہے۔

Scroll to Top