محکمہ موسمیات کی اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، البتہ شام اور رات کے اوقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم گرم اور شدید حبس زدہ رہنے کی توقع ہے البتہ شام یا رات کے وقت چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا لیکن شام یا رات کے وقت مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شام یا رات کے اوقات میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم رہے گا، تاہم سندھ کے وسطی و بالائی اضلاع میں شدید حبس رہے گا جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، بدین، ٹھٹہ، سانگھڑ، دادو اور کراچی میں شام یا رات میں بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے علاقوں آواران، خضدار، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ بعد از دوپہر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم بالائی پنجاب، کشمیر، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گڑھی دوپٹہ میں 46، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 16، کاکول اور اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 8، ژوب اور خضدار میں 5، مری، اوکاڑہ اور بارکھان میں 4، مالم جبہ میں 3 جبکہ دیر، پاراچنار میں 2 اور اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ماہ صفر المظفر کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

درجہ حرارت کے لحاظ سے گزشتہ روز ملک کا گرم ترین علاقہ نوکنڈی رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سبی اور دالبندین میں 45، دادو میں 43 اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

Scroll to Top