پی ٹی آئی احتجاج کا وقت ضائع کرچکی، لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگایا جائے، شیر افضل مروت

ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل خان مروت نے پارٹی قیادت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کسی نے احتجاج کی سیاست نہیں کی، نہ 27 ستمبر آئے گا اور نہ ہی احتجاج ہوگا۔

ملتان کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ احتجاج کے نام پر لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے احتجاج کی ذمہ داری انہیں واپس دی جائے تو وہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ملک گیر تحریک برپا کرسکتے ہیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت احتجاج کا بہترین وقت ضائع کرچکی ہے، اگر یہ موقع بھی گنوا دیا گیا تو مؤثر احتجاج نہیں کیا جا سکے گا، انہوں نے کہا کہ وہ چند دن تک قیادت کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ روایتی سیاست نئے صوبوں کے حق میں نہیں، پاکستان بننے کے بعد سے ملک میں چار صوبے ہیں، جبکہ لاہور اور کراچی کے علاوہ دیگر علاقوں پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سرائیکستان یا صوبہ ہزارہ بننے سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بھی صرف پشاور میں ترقیاتی کام ہوتے ہیں جبکہ دیگر شہروں کی حالت خراب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج کیس، بڑے ملزمان آزاد جبکہ غریب زیرعتاب، جج کا پولیس پر اظہارِ برہمی

شیر افضل مروت نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام انتظامی مسائل کے حل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top