قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی ذاتی وجوہات کے باعث لنکا پریمیئر لیگ (LPL) ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی لیگ میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے، تاہم انہوں نے ذاتی مصروفیات کے باعث ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ لیگ کے دوران شاہین آفریدی کا اپنی ٹیم کی انتظامیہ کے ساتھ ایک معاملے پر اختلاف بھی سامنے آیا تھا۔ 19 جولائی کو کولمبو کیپٹلز کے خلاف میچ میں انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتارنے کا کہا گیا، تاہم آفیشل ٹیم شیٹ میں ان کا نام شامل نہیں تھا، جس پر فاسٹ بولر نے ناراضی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے شاہین آفریدی سے معذرت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اینالسٹ کی غلطی کے باعث ان کا نام ٹیم فہرست میں شامل نہیں ہو سکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایل پی ایل میں مزید دو پاکستانی کرکٹرز شامل، شاہین شاہ آفریدی لیگ سے دستبردار
ذرائع کے مطابق میچ سے قبل ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کو امپیکٹ پلیئر کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس قانون کے تحت ٹیم کسی ایک کھلاڑی کو متبادل کے طور پر شامل کر سکتی ہے، جو بیٹنگ یا چار اوورز بولنگ کر سکتا ہے، جبکہ ابتدائی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی مزید میچ کا حصہ نہیں بن سکتا۔
انتظامیہ کی وضاحت اور معذرت کے بعد شاہین آفریدی نے لیگ کے مزید میچز میں شرکت کی۔ انہوں نے لنکا پریمیئر لیگ میں کینڈی رائلز کی جانب سے 6 میچز کھیلتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرتی ہے تو شاہین آفریدی دوبارہ ٹیم کو جوائن کر سکتے ہیں۔





