عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں مسلسل تیزی کا رجحان برقرار نہ رہ سکا اور سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے فی تولہ کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار ایک روپے کم ہوکر 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے پر آگئی۔ گزشتہ سات روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 36 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ملک میں چاندی کی قیمت بھی کمی کا شکار رہی اور فی تولہ چاندی 175 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 936 روپے کی ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر کم ہوکر 4 ہزار 380 ڈالر پر آگئی۔
یہ بھی پڑھیں : روپے نے ڈالر کو پھر مات دے دی، قیمت مزید گر گئی
رپورٹس کے مطابق جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی، تاہم امریکا میں مہنگائی کے نسبتاً نرم اعداد و شمار نے قیمتی دھات کی قیمت کو کچھ سہارا دیا۔ ایک روز قبل عالمی مارکیٹ میں سونا دو ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.02 فیصد کمی کے بعد 4,407.78 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں افراطِ زر کے نسبتاً نرم اعداد و شمار کے باعث قلیل مدت میں فیڈرل ریزرو پر شرح سود بڑھانے کا دباؤ کم ہوا ہے، جس سے سونے کی قیمت کو سپورٹ حاصل ہوئی۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی عالمی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 65.47 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 0.4 فیصد کمی کے بعد 1,749.70 ڈالر اور پیلاڈیم 0.5 فیصد کمی کے بعد 1,362.10 ڈالر فی اونس پر آگیا۔
بدھ کے روز سونے کی قیمت میں تقریباً 0.9 فیصد اضافہ ہوا تھا اور قیمت بڑھ کر تقریباً 4,450 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جو دو ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح تھی۔ تاہم اس بلند سطح کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پر دباؤ آیا اور کمی ریکارڈ کی گئی۔





