عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی بنیادی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کا اعلان ہے۔
امریکی صدر کے اس اعلان کے ساتھ ہی عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 4.2 فیصد کمی کے بعد 84 ڈالر فی بیرل تک گر گئی جبکہ امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں 5 فیصد کمی دیکھی گئی اور وہ 80 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
دورانِ کاروبار مارکیٹ میں مزید مندی کا رجحان رہا جس سے امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 78.97 ڈالر جبکہ برطانوی تیل کی قیمت 82.92 ڈالر فی بیرل تک نیچے آ گئی۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے مربن آئل کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کے سودے 80.08 ڈالر فی بیرل پر ہونے لگے۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس کمی کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑا مطالبہ
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کیا جاتا ہے جس کی بناء پر عوام کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں راحت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔





