آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست بروز ہفتہ سے غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے حکومت کے سامنے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا فیصلہ روزانہ کی بجائے ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
صدرٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق ٹول ٹیکس میں کیا گیا اضافہ واپس لے کر اسے 30 جون 2024 کی شرح پر بحال کرنے اور گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کو کم کر کے 2 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی سامنے رکھا گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے اوورلوڈنگ کے خاتمے اور ایکسل لوڈ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 10 وہیلر کے مجوزہ وزن میں نظرِ ثانی کر کے معقول حد مقرر کی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسٹم حکام کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور دسمبر میں وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتوں کی جانب سے تسلیم کیے گئے مطالبات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوامیں بڑے پیمانے پر پولیس افسران کے تبادلے و تعیناتیاں
انہوں نے حکومت سے ڈرائیورز کے ٹیسٹ لے کر انہیں ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔





