پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک کے معروف ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ایزی پیسہ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کی سمت میں پہلا باضابطہ قدم اٹھا لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی ٹی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایزی پیسہ کے کنٹرولنگ شیئرز خریدنے کے لیے حتمی پیشکش (Binding Offer) جمع کرانے کی منظوری دے دی ہےجسے ملکی ٹیلی کام اور فن ٹیک سیکٹر کا ایک انتہائی اہم معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیشرفت پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے بعد سامنے آئی ہے کیونکہ کمپنی فن ٹیک سیکٹر میں اپنا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس سے قبل پی ٹی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا تھا کہ اس کے بورڈ نے ایک نامعلوم ادارے میں اکثریتی حصص کی خریداری کی پیشکش منظور کی ہے۔ رازداری کے معاہدوں کے باعث اس وقت کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھاتاہم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ہدف ایزی پیسہ ہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیلی نار گروپ پاکستان میں ٹیلی کام آپریٹنگ بزنس ختم کرنے کے بعد ایزی پیسہ میں موجود اپنے 55 فیصد حصص فروخت کرنے کا خواہا ں ہے جبکہ بقایا 45 فیصد حصص چین کے آنٹ گروپ کے پاس ہیں۔ ایزی پیسہ کے پاس اس وقت 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد صارفین کا بڑا نیٹ ورک موجود ہے اور اسے ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک کا درجہ بھی حاصل ہو چکا ہے۔
فی الوقت یہ عمل ڈیو ڈیلیجنس اور تجارتی مذاکرات کے مرحلے میں ہے اور اس کی حتمی تکمیل اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی ریگولیٹری منظوریوں اور حتمی معاہدے کی دستاویزات سے مشروط ہے۔
پی ٹی سی ایل اور ایزی پیسہ نے اب تک اس مجوزہ معاہدے پر باضابطہ عوامی تصدیق جاری نہیں کی ہے تاہم پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پیشرفت سے اسٹاک ایکسچینج کو وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔





