شاہد جان
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق ایک متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے، جس میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ایوان میں پیش کی گئی قرارداد میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کو بین الاقوامی قوانین، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
قرارداد کے ذریعے خیبرپختونخوا اسمبلی نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور اور بلا مشروط حمایت کا اعادہ کیا اور مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ممکن بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : تمہارے ساتھ تھے اور ساتھ ہم رہیں گے، آئی ایس پی آر کا یومِ استحصالِ کشمیر پر خصوصی نغمہ جاری
ایوان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے زور دے کر اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی انسانی صورتحال اور بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا۔





