نیشنل چیمپئنز کپ: شائقین کیلئے بڑی خوشخبری، تمام میچز میں مفت داخلے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ کے دوران شائقین کرکٹ کیلئے مفت داخلے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے تمام 7 میچز میں شائقین سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ تمام میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور کھیل کا آغاز دوپہر 3 بجے ہوگا۔

نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ آزادی پر آئی ایس پی آر کا بلوچی زبان میں ملی نغمہ ’پاک اے وطن‘ جاری

ٹورنامنٹ کیلئے ٹیموں کی قیادت بھی اہم قومی کھلاڑیوں کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان گولڈ کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کریں گے، پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان کے پاس ہوگی، پاکستان وائٹس کی کپتانی صائم ایوب جبکہ پاکستان بلوز کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے۔

پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کیلئے 44 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کے ساتھ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔

نیشنل چیمپئنز کپ 27-2026 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز بھی کرے گا۔ ٹورنامنٹ کو 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top