نیشنل چیمپئنز کپ سے قبل محمد نواز انجری کا شکار، ایونٹ سے باہر ہوگئے

پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر کے باعث نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق محمد نواز کی دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کا اسکین کرایا گیا، جس میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ انجری کے باعث وہ کم از کم تین ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق محمد نواز کو یہ انجری 12 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان بلوز کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے پیش آئی۔ انجری کے باوجود انہوں نے میچ میں اپنے 10 اوورز کا کوٹہ مکمل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم انجری کا شکار، سلیکٹ الیون کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے

تاہم محمد نواز کی ٹیم پاکستان گولڈ کو اس مقابلے میں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق انجری کے دو ہفتے مکمل ہونے کے بعد محمد نواز اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کریں گے، جہاں طبی نگرانی میں ان کی کنڈیشننگ اور دوبارہ کھیلنے کے لیے پروٹوکول تشکیل دیا جائے گا۔

Scroll to Top