افغانستان میں طالبان رجیم کے 5 سال مکمل ہونے پر کابل، قندھار اور جلال آباد سے افغان شہریوں کے ویڈیوز پیغامات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیںجن میں طالبان حکومت کے ظلم، کرپشن، بھوک اور بے روزگاری کے خلاف شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
کابل سے تعلق رکھنے والے ایک افغان شہری نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے بعد وہ افغان عوام کی امید کا مرکز ہیں اور طالبان حکومت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔
شہری نے طالبان حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان میں دہشت گردی اور افغانستان میں بھوک و بے روزگاری کا سبب بن رہے ہیں۔
دوسری جانب قندھار سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک اور افغان شہری نے طالبان کی کرپشن کو بے نقاب کرتے ہوئے عوام سے ان کے خلاف متحد ہو کر مسلح جدوجہد اور جہاد کرنے کی اپیل کی ہے۔
شہری نے واضح کیا کہ طالبان کے اس دور میں عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں اور اکیلے لڑنے کے بجائے تمام افغانوں کو مل کر اس حکومت کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
علاوہ ازیں جلال آباد سے جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں شہری نے الزام عائد کیا کہ ان 5 سالوں میں افغانستان 50 سال پیچھے چلا گیا ہے اور طالبان غیر ملکی قوتوں کے آلے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی ،10 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے مظالم اب حد سے بڑھ چکے ہیں اور ان کے اقتدار کا وقت ختم ہونے کے قریب ہے۔





