پیپلزپارٹی نے 10 سینئر رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا

پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی،پیپلزپارٹی نے 10 سینئر رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت نے پارٹی نظم و ضبط اور فیصلوں کی سنگین خلاف ورزی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 اہم رہنماؤں کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی ہے۔

یہ سخت اقدام الیکشن 2026 کے دوران پارٹی فیصلوں سے انحراف کرنے پر اٹھایا گیا ہے۔ پی پی پی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے ضابطے کے تحت ان رہنماؤں کو پارٹی سے فارغ کرنے کے احکامات اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پارٹی سے نکالے جانے والے رہنماؤں میں مرکزی نائب صدور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ اور سردار عنایت اللہ عارف، جبکہ پیپلز پارٹی ضلع حویلی کے صدر شیخ خورشید شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایل اے 44 ویلی راولپنڈی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حمزہ مجید بازمی، کوٹلی سے ملک یوسف اور رشید بانینان، اور سدھنوتی کے سابق ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی کی بھی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔

دیگر عہدیداروں میں سٹی میرپور کے سابق جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار ذلفی، پی پی میرپور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالرحمان ایڈووکیٹ اور جموں کے نائب صدر شوکت وزیر علی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شاہد آفریدی کا پالتو کتا اسلام آباد سے لاپتا، شہریوں سے مدد کی اپیل

اس کارروائی سے متعلق تمام تر تفصیلات اور نوٹیفکیشن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اعلیٰ مرکزی قیادت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top